نئی دہلی،19جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جے این یو میں مبینہ ملک مخالف نعرے لگائے جانے کے سلسلے میں کنہیاکماراورعمرخالدسمیت دیگرپر دہلی حکومت کی منظوری بغیر چارج شیٹ درج کرنے پر عدالت نے دہلی پولیس کوپھٹکارلگائی ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ جب تک دہلی حکومت چارج شیٹ دائرکرنے کی منظوری نہیں دیتی،تب تک ہم اس کو سنجیدگی سے نہیں لیں گے۔عدالت نے کہا ہے کہ الزامات لگانے سے پہلے حکومت سے اس پرمنظوری لینی ہوگی۔اس پر پولیس نے کہا ہے کہ وہ10 دن کے اندر اس کی منظوری لے لیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ 9فروری، 2016 کو جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ایک پروگرام کے دوران مبینہ ملک مخالف نعرے لگانے پر دہلی پولیس نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں چارج شیٹ دائر کی ہے۔دراصل دہلی حکومت نے دہلی پولیس کو کنہایا کمار اور دیگر کے خلاف الزام عائد کئے جانے والے چارج شیٹ کے لئے اجازت نہیں دی ہے۔دہلی عدالت نے کہا کہ آپ کو قانونی محکمہ کی منظوری نہیں ہے، تو آپ نے بغیر کسی منظوری کے چارج شیٹ کیوں داخل کی؟ اس پر دہلی پولیس نے کہا کہ ہم دس دن کے اندر اس کی منظوری لیں گے۔دراصل عدالت نے کہا کہ اس وقت تک چارج شیٹ کوسنجیدگی سے نہیں لیا جاسکتا ہے جب تک کہ سی آرپی سی کے سیکشن 196کے تحت حکومت منظوری دیتی ہے۔دراصل ملک مخالف معاملے میں دہلی پولیس کو دہلی حکومت سے اجازت لینی ہوتی ہے اور اسے دہلی حکومت کا قانون محکمہ اجازت دیتا ہے۔اتناہی نہیں اجازت کیلئے فائل ایل جی کے پاس بھی جاتی ہے،اگر اجازت نہیں ملی تو عدالت چارج شیٹ پر کوئی غورنہیں کرے گی۔ کہا جا رہا ہے کہ جس دن پولیس نے چارج شیٹ دائرکی تھی اسی دن اجازت کے لئے درخواست دی تھی۔